ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور:نوکرانی سے ناجائز تعلقات۔اجتماعی خودکشی کی کوشش میں2جوان بچے ہلاک۔ باپ کے لئے عدالت نے سنایا سزائے موت کا فیصلہ

کنداپور:نوکرانی سے ناجائز تعلقات۔اجتماعی خودکشی کی کوشش میں2جوان بچے ہلاک۔ باپ کے لئے عدالت نے سنایا سزائے موت کا فیصلہ

Sat, 19 Jan 2019 21:32:32    S.O. News Service

کنداپور19؍جنوری (ایس او نیوز) کنداپورایڈیشنل اینڈ سیشنس جج پرکاش کھانڈیری نے شنکر نارائن ہیبارر(۴۷سال) کواپنی گھریلو ملازمہ کے ساتھ ناجائز تعلقات کے پس منظر میں اجتماعی خودکشی کی کوشش کرنے اور اپنے جوان بچوں کو زہر دے کر ہلاک کرنے کے جرم میں سزائے موت سنائی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ گنگا ناڈو کے رہنے والے نارائن ہیبار کے ناجائز تعلقات اس کی گھریلو ملازمہ کے ساتھ چل رہے تھے۔ لیکن جب اس ملازمہ کی شادی کسی اور شخص کے ساتھ ہوگئی تو ہیبار ذہنی ہیجان کا شکار ہوگیا ۔ پھر16اکتوبر 2016کو اس نے اجتماعی خودکشی کا منصوبہ بنایا۔ اوراس کھانے میں زہر ملادیا جورات میں گھر والے کھانے والے تھے۔ زہر آلود کھاناکھانے کی وجہ سے اس کے جواں سال بیٹے اشوین کمار(۱۶سال) اور بیٹی آئشوریا لکشمی(۱۴سال) کی  صبح کے وقت ہی موت واقع  ہوگئی۔ جبکہ اس کی بیوی مہالکشمی کوسنگین حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں علاج کے بعد اس کی جان بچالی گئی۔ خود شنکر نارائن نے کھانا بہت ہی کم مقدار میں کھایاتھا اس لئے وہ زندہ بچ گیا۔

معلوم ہوا ہے کہ شنکر نارائن نے اجتماعی خود کشی کے بارے میں ایک 16صفحات کی تحریر تیار کی تھی جس میں اس نے اپنی ملازمہ کے ساتھ ناجائز جنسی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ :’’ میں اس کے بغیر جی نہیں سکتا۔ میرے بغیر میرے گھر والے زندہ نہیں رہ سکتے۔ اس لئے ہم لوگ اجتماعی خودکشی کررہے ہیں۔ ہماری آخری رسومات اس وقت تک ادا نہ کی جائیں جب تک وہ ملازمہ آکر ہمارا آخری دیدار نہیں کرتی۔‘‘

جب یہ واقعہ پیش آیا تھا تو اس وقت کے بیندور سرکل پولیس انسپکٹر نے تحقیقات کے بعد عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔عدالت میں شنوائی کے بعد جرم ثابت ہواتو جج نے فیصلہ سنایا کہ مجرم کو دفعہ 302کے تحت سزائے موت دی جائے۔ اس کے علاوہ مجرم کو قتل کی کوشش کے جرم میں دفعہ 307کے تحت 7 سال کی قید بامشقت اور 10ہزارروپے جرمانہ یا ایک ماہ کی سادہ قید،زہر کھلانے کے جرم میں دفعہ 328کے تحت 10سال قید بامشقت، 10ہزار روپے جرمانہ یا 2ماہ کی قید، ثبوت مٹانے کے جرم میں دفعہ 202کے تحت 7سال قید بامشقت اور خودکشی کی کوشش کے جرم میں 10ہزار روپے جرمانہ اور 6ماہ کی سادہ قید کی سزا بھی بھگتنی ہوگی۔

جج نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ شنکر نارائن کی بیوی مہالکشمی لیگل سروس اتھاریٹی سے اپنے لئے معاوضہ حاصل کرسکتی ہے۔ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر بیلور پرکاش چندرا شیٹی نے عدالت میں پیروی کرتے ہوئے مجرم کے لئے سخت ترین سزاکا مطالبہ کیا تھا۔پتہ چلا ہے کہ کنداپور کی عدالتی تاریخ میں یہ تیسرا موقع ہے، جب کسی مجرم کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔


Share: